ٹماٹر کی ڈبل سنچری،سبزیوں کے نرخ بھی آسمان پر پہنچ گئے،شہری پریشان

ٹماٹر کی  ڈبل  سنچری،سبزیوں  کے  نرخ  بھی  آسمان  پر  پہنچ  گئے،شہری پریشان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سیزن کی سبزیوں کی بھرپور پیداوار کے باوجود سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، ٹماٹر نے ڈبل سنچری کرلی، شہریوں کا کہنا ہے کہ کم آمدن والے طبقے کے لیے دال سبزی کھانا بھی مشکل ہوگیا ہے ۔

سندھ کی فصل بازار میں آنے کے باوجود ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 80روپے مہنگا ہوگیا، تین روز میں پیاز کی قیمت میں 30روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے اور خوردہ سطح پر ٹماٹر 240روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اس لیے خوردہ قیمت میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔منڈی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یومیہ بنیادوں پر منڈی لائے جانے والے ٹماٹر کا 60 سے 70 فیصد حصہ گوداموں میں ذخیرہ کیا جارہا ہے جو ایکسپورٹرز خرید رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بازار میں ٹماٹر کی مصنوعی قلت پیدا کی جارہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گوشت اور مرغی تو درکنار اب سبزیاں پکانا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔ بھنڈی، مٹر 250 روپے سے 300 روپے، گوبھی، لوکی اور توری 160 روپے کلو، آلو 100 سے 120 روپے کلو، گاجریں 100 روپے کلو، سیم اور گوار کی پھلی 200 روپے کلو، شلجم اور چقندر 160 سے 180 روپے کلو اوردیگر سبزیاں بھی بدستور مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔شہری کہتے ہیں کہ شہر بھر میں سرکاری نرخ پر کہیں عمل درآمد ہوتا نظر نہیں آرہا ۔شہریوں نے مطالبہ کیا کہ گرانفروشوں کو لگام ڈالی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں