جامعہ کراچی، شعبہ کمپیوٹرسائنس میں اسمارٹ کلاس رومز کا افتتاح

جامعہ کراچی، شعبہ کمپیوٹرسائنس میں اسمارٹ کلاس رومز کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالد محمودعراقی نے کہا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا صحیح استعمال انسان کو ترقی کی حقیقی معراج پر پہنچا سکتا ہے ۔

یہ بات ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس کوانسانی حقوق کی بہتری یا پامالی کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ہمیں اپنے نصاب میں عصرکے تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق وقتاً فوقتاً نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے اور بیروزگارگریجویٹ پیداکرنے کے بجائے ایسے پروگرام متعارف کرانے یا شروع کرنے کی ضرورت ہے جن کی مارکیٹ میں زیادہ مانگ ہے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ کمپیوٹرسائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام شعبہ ہذامیں آرٹیفیشل انٹیلی جنس چارسالہ ڈگری پروگرام کے لئے اسمارٹ کلاس رومز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروگرام سے ہمارے طلبہ بھر پوراستفادہ کریں گے ۔ہمیں ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی اختراعی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اُبھارناہوگا۔ کومسٹک کے کوآرڈی نیٹرجنرل پروفیسرڈاکٹر اقبال چودھری نے کہا کہ مشینیں انسانی اختیار، کنٹرول اور علم کی جگہ لے رہی ہیں،مصنوعی ذہانت انسانیت کی فکری ہلاکت کی صلاحیت رکھتی ہے اوراس کے بعد ہم اس علم کے تابع ہو جائیں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں