غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ ناقابل برداشت،پولیس چیف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو سے آل پاکستان ڈمپر ٹرک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسیشن کے صدر حاجی لیاقت محسود کی قیادت میں 11 رکنی وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں بختاور خان، شمس شاہوانی، وحید لیڑی، نور اللہ اچکزئی، حاجی محمد پناہ، محمود محسود، شیر نواز و دیگر ممبران شامل تھے ۔ملاقات میں وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر پولیس چیف نے انکے جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور قانون کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہے ، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس چیف نے سختی سے ہدایت دی کہ جن ڈرائیورز کے پاس ڈرائیونگ لائیسنس نہیں ہو گا ان کے خلاف اور انکے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شہر میں بڑی گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔