بانیان کی قیام پاکستان کیلئے قربانیاں لازوال ،ایم کیوایم
حیدر آباد(نمائندگان دنیا)ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے آرگنائزر ظفر احمد صدیقی و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے کہاہے کہ 24 دسمبر کو مہاجر ثقافتی دن منانے پر تمام مہاجروں اور اہل پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جس صورتحال سے دوچار ہے ایسے میں نئی نسل کو بانیان پاکستان کی جدوجہد و قربانیوں سے آگاہ کرنا ضروری ہے کیونکہ انگریزوں کی غلامی سے آزادی کے لئے ہندوستان کے مسلمانوں نے لازوال جدوجہد کی ، جنکی کوششوں کے نتیجے میں دنیا میں عالم اسلام کا سب سے بڑا ملک معرض وجود میں آیا ۔ان کا کہناتھاکہ وطن عزیز کی آزادی کے لئے قائد اعظم، لیاقت علی خان سمیت اس وقت کی قیادت اور کروڑوں مسلمانوں نے پاکستان کی خاطر اپنی جائیدادیں چھوڑ کر ہجرت کی ، پاکستان بنانے کی جدوجہد میں مہاجروں کی قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کے لئے لوگوں نے ہندوستان میں اپنے آباء و اجداد کی قبریں ،کاروبار ،رشتے دار سب کچھ چھوڑ دیا اور اس ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم مہاجر ثفاقتی دن منا رہی ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد مہاجر ثقافت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی دیگر اقوام کے لئے محبت اور یکجہتی کا پیغام ہے کہ ہم پاکستان کے لئے سب مل جل کر کام کریں گے ۔ ڈسٹرکٹ آرگنائزر ظفر احمد صدیقی نے کہاکہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گورنر ہاؤس میں تقریب منعقد کرنے پر خراج تحسین کے مستحق ہیں، انہوں نے گورنر ہاؤس میں شاندار تقریب کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔