بلدیہ کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں نرخ 14300 مقرر

بلدیہ  کے  رجسٹرڈ  قبرستانوں  میں  نرخ  14300 مقرر

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضی وہاب کی ہدایت پر کراچی کے تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں کے ایم سی کے مقرر کردہ نرخ 14300 کے حوالے سے بینر لگا دیے گئے ۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر قبرستان سرور عالم نے کے ایم سی کے ماتحت چلنے والے قبرستانوں کا دورہ کیا اور تمام قبرستانوں میں کام کرنے والوں کو پابند کیا گیا کہ وہ کے ایم سی کے بائی لاز اور مقرر کردہ نرخ کے تحت کام کریں گے اور قبرستانوں میں کسی بھی شخص کو بغیر کے ایم سی رجسٹریشن کے کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد ہوگا اور اگر کسی نے مقرر کردہ نرخ سے زائد رقم وصول کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائیں گی۔واضح رہے کہ شہر کے مختلف قبرستانوں میں مافیا کے کارندے شہریوں سے اضافی رقم وصول کرر ہے تھے جس پر میئرکراچی نے ایکشن لیتے ہو ئے کارروائی کی تاہم اب کے ایم سی کے قبرستانوں میں قبروں کے مقررہ نرخ پر مشتمل بینرز بھی لگا دیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ قبر کی الاٹمنٹ کے لیے شہریوں کو قبرستانوں میں قابض گورکن مافیا کی بولی کے مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے ۔ شہر میں سب سے مہنگا قبرستان سوسائٹی قبرستان ہے جہاں قبر 40 ہزار سے 70 ہزار میں بک کی جاتی ہے حالانکہ یہاں تدفین پر 1999 سے پابندی عائد ہے ۔یاد رہے کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایت پر شہر قائد کے قبرستانوں میں زائد رقم اور قبروں کو مسمار کرنے والے مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز ہوگیا۔میئر کراچی نے شہر خموشاں میں تدفین کے عوض زائد رقم وصول کرنے اور قبروں کو مسمار کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس کی روشنی میں گزشتہ ہفتے سخی حسن قبرستان سے گورکن کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیاتھا۔آپریشن کی سربراہی اے ڈی سی ون سینٹرل عاصم میمن نے کی اور ٹیم میں ڈائریکٹر قبرستان سرور عالم اے سی نارتھ ناظم آباد، ڈی ایس پی نارتھ ناظم آباد، ایس ایچ او شاہرا نور جہاں شامل تھے ۔کارروائی کا مقصد شہر کراچی کے لوگوں کے لیے اپنے لواحقین کی تدفین کے لیے آسانی پیدا کرنا ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوام سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ 14300 سے زائد رقم وصول کرنے والوں کی شکایت 39 13 پر درج کرائیں۔میئرکراچی کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ شہر کے قبرستانوں میں 25 سے 50 ہزار روپے مافیا کے لوگ قبر کے شہریوں سے وصول کررہے ہیں جس پر یہ کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں