چیف سیکرٹری کا تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا حکم
لاہور(سیاسی نمائندہ)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبہ میں تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، پرائس کنٹرول اقدامات، ستھرا پنجاب پروگرام اورکے پی آئیز کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ڈنگہ کے علاقے میں تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں تجاوزات کے مسئلے کے حل کیلئے ٹریفک پولیس اور بلدیہ کے عملہ کی مستقل ڈیوٹی لگائی جائے، گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہئے ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے، انتظامی افسران کرپشن میں ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف سخت ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمے سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے مشینری کی کمی کو جلد پوراکیا جائے۔