ایس ایم آئی یو :بزنس گریجویٹس کے 26 پروجیکٹس کی نمائش
کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر (بی آئی سی)نے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے یونیورسٹی کے تالپر ہاؤس کے سامنے ‘‘اسٹارٹ اپ سمٹ 3.0:تصور سے کامیابی تک ’’کا انعقاد کیا۔
بزنس نمائش میں سال آخر کے 90 سے زائد بزنس گریجویٹس نے صنعتوں کی نئی تعریف اور حقیقی دنیا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے 26 اہم اسٹارٹ اپ پروجیکٹس پیش کیے ۔وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اسٹارٹ اپ سمٹ کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا اور بعدازاں اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آئی ٹی سے متعلق مصنوعات، فیشن،موبائل ویڈیوگرافی، مختلف پبلیکیشنز، فیبرک، لیدر، کھجور سے بنی اشیا اور دیگر پروجیکٹس کاجائزہ لیا۔ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے نوجوان بزنس گریجویٹس کے جدید پراجیکٹس/اسٹارٹ اپس کو سراہا اور کہا کہ ان کے پاس نئے آئیڈیاز اور کاروبار کے میدان میں قدم رکھنے کی بڑی صلاحیت موجود ہے ۔ وائس چانسلر نے گریجویٹس کو مشورہ دیا کہ وہ پراڈکٹس کی لانچنگ کے دوران قانونی تقاضے پوری کریں اور ان چیزوں کو چیک کریں جو خاص طور پر کھانے پینے اور دیگر مصنوعات میں استعمال ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے کہا کہ آج آن لائن کاروبار نے گھر بیٹھے آسانی سے اپنی مصنوعات فروخت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ،نوجوان پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں نوکری تلاش کرنے کے بجائے اپنا کاروبار کرنے کو ترجیح دیں۔ اس موقع پر ٹیکا کے سربراہ خلیل ابراہیم بسران، ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ کامرس ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جمشید عادل ہالیپوٹو، اکیڈمک ایڈوائزر ڈاکٹر عبدالحفیظ خان، اسسٹنٹ پروفیسر شاہد عبید، رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ، ڈائریکٹر اور ڈاکٹر منصور احمد کھڑو تھے ۔