سندھ حکومت کا نوٹس،گلشن حدید کو بہرصورت پانی کی فراہمی کا فیصلہ

سندھ حکومت کا نوٹس،گلشن حدید کو بہرصورت پانی کی فراہمی کا فیصلہ

کراچی (رپورٹ :آغا طارق)گلشن حدید میں اسٹیل مل کی جانب سے پانی کی فراہمی بند کرنے کا سندھ حکومت نے نوٹس لے لیا ۔گزشتہ روز گلشن حدید کے پانی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں واٹر کارپوریشن کے ایم ڈی اسد اللہ شیخ،ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو ،پیپلز پارٹی ملیر کے جنرل سیکریٹری امداد جوکھیو،حلقے کے ایم پی اے ساجد جوکھیو اور بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں اسٹیل مل حکام نے شرکت نہیں کی ۔اس موقع پر گلشن حدید میں پانی کے بحران کے مسئلے پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ گلشن حدید کو ہر صورت میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ، گلشن حدید کے عوام کو کسی صورت سندھ حکومت اکیلا نہیں چھوڑے گی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیل مل حکام نے اگر حدید کو پانی فراہم نہیں کیا تو واٹر کارپوریشن اسٹیل مل کا پانی بند کرکے واٹر سپلائی کے نظام کو اپنے کنٹرول میں لے گی۔ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے میئر مرتضی وہاب،ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے محمد ساجد جوکھیو نے بتایا کہ اسٹیل مل گلشن حدید کو پانی فراہم کرنے کی پابند ہے ۔ افسوس ہے کہ مل انتظامیہ لاکھوں کی آبادی کو پیاسا مارنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دینگے اور متبادل ذرائع سے حدید کو پانی دینگے ۔اسٹیل مل کو پانی کی فراہمی بند کرنے کے فیصلے کا علم ہونے کے بعد مل حکام نے ڈپٹی کمشنر ملیر سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کے 4رکنی کمیٹی قائم کرکے اسٹیل مل واٹر سپلائی کا نظام واٹر بورڈ کے حوالے کیا جائے گا ۔کمیٹی میں اسٹیل مل کے دو ڈائریکٹر اور واٹر کارپوریشن کے دو افسران شامل ہونگے ۔ اجلاس میں پانی کا نظام واٹر کارپوریشن کے حوالے ہونے تک اسٹیل مل گلشن حدید کو پانی فراہم کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں