مجاہد کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن روکنےکا حکم

مجاہد کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن روکنےکا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے مجاہد کالونی میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن آیندہ سماعت تک روکنے کا حکم دیا ہے ۔

 سندھ ہائی کورٹ میں مجاہد کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف انسداد تجاوزات آپریشن کے خلاف دیوانی سوٹ کی سماعت ہوئی، وکیل مدعی حیدر امام رضوی نے عدالت کو بتایا کہ مجاہد کالونی کے رہائشی درخواست گزاروں میں سے کچھ کے پاس کچی آبادی کی لیز ہے جبکہ دیگر نے سب لیز کے لئے چالان جمع کروائے ہوئے ہیں، کے ڈی اے نے انسداد تجاوزات آپریشن کے آڑ میں گھر خالی کرنے کے نوٹس جاری کئے ہیں، وکیل مدعی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدالتی احکامات 150 فٹ روڈ کی حد تک تھے ، کے ڈی اے کی جانب سے 25 گھر مسمار کئے جاچکے ہیں، ناظر رپورٹ کے مطابق 150 فٹ روڈ موجود ہے ، گھر مسمار کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور ڈائریکٹر کچی آبادی نے اس سے اتفاق کیا ہے تاہم کے ڈی اے افسر کے مطابق 78 گھر 150 فٹ روڈ کی حدود میں آتے ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت تک کے ڈی اے کو انہدامی کارروائی روکنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جن لوگوں کے پاس لیز ہے یا جنہوں نے چالان جمع کروایا ہے انہیں تنگ نہ کیا جائے ، عدالت نے فریقین اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو 30 جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے سرجانی ٹاؤن میں سوسائٹی کے انتخابات روکنے کی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی ہے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سرجانی ٹاؤن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے الیکشن روکنے کی درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار ندیم شیخ عدالت میں پیش نا ہوئے ، درخواست میں فریق کے وکیل عثمان فاروق نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گذار سوسائٹی پر اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے ا لیکشن نہیں چاہتے تھے ، سوسائٹی کے الیکشن ناظر کی نگرانی میں ہوچکے ہیں لہٰذا درخواست خارج کی جائے ۔ عدالت نے درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ سوسائٹی کے الیکشن قواعد کو نظر انداز کرکے انتخابات منعقد کرائے جارہے ہیں لہٰذا لیکشن کے انعقاد کو روکا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں