کباڑ پر کتب فروخت کی تحقیقات شروع کردی ،سیکریٹری اسکول ایجوکیشن

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) اسپیشل سیکریٹری اسکول ایجوکیشن سندھ سید امداد علی شاہ نے لاڑکانہ پہنچ کر کباڑ کی دکان پر نصابی کتب فروخت ہونے کے معاملے کی انکوائری کرتے ہوئے ۔۔
محکمہ تعلیم کے افسران اور کباڑی سے ملاقات کرکے نصابی کتب کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کے مسائل معلوم کئے اور اسکولوں کا دورہ کیا، جہاں محکمہ تعلیم کے افسران نے انہیں بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امداد علی شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ کے اسکولوں کے مسائل، ایس این ای، اساتذہ اور سہولیات کی کمی کے حوالے سے رپورٹ تیار کریں گے ، کباڑی کی دکان پر نصابی کتب فروخت ہونے کے معاملے کی انکوائری شروع کردی ہے جس کی رپورٹ مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر بچے کتابوں کو سنبھال کر نہیں رکھتے ، جو بعد میں کباڑ کی دکانوں تک پہنچ جاتی ہیں، ہم دیکھیں گے یہ کتابیں نئی ہیں یا پرانی اور ان کی حالت کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 41 ہزار سے زائد اسکولوں میں اساتذہ کی کمی نہیں، 2021 میں ہونے والے ٹیسٹ کے ذریعے بھرتیوں کا عمل جاری ہے ، جو فروری تک مکمل ہوگا، اس وقت تقریباً 9 ہزار اسامیاں خالی ہیں، اسٹوڈنٹ ٹیچر ریشو کے تحت اساتذہ کی تعداد کا جائزہ لیا جا رہا ہے ، 15 دنوں میں 25 سے 30 ہزار اساتذہ کی ری شیفلنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔