ملیر میں ایل پی جی کی دو غیرقانونی دکانیں سربمہر

کراچی(رپورٹ :آغا طارق)ملیر میں ائرپورٹ اور بن قاسم کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے سیکڑوں ٹھیلے اور پتھارے ہٹادئیے گئے ۔
غیر قانونی گیس فروخت کرنے والے کئی دکانیں بھی سیل کردی گئیں۔درجنوں ٹھیلے اور پتھارے ضبط کرلیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ائرپورٹ حفیظ سومرو،اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری اور اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم کی نگرانی میں محکمہ ریونیوکے افسران نے اینٹی انکروچمنٹ پولیس نے ایئرپورٹ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں اور بن قاسم کی مین نیشنل ہائی وے پر قائم تجاوزات ،ٹھیلے اور پتھاروں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا ۔آپریشن کے دوران سینکڑوں چھاپرے گرا دیے گئے اور سڑکوں کے کناروں کھڑے ٹھیلے اور پتھارے ہٹا دیے گئے ۔آپریشن کے دوران درجنوں ٹھیلے اور پتھاروں کو ضبط بھی کر لیا گیاجبکہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی گیس فروخت کرنے والی دکانوں کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کئی دکانوں کو ملیر انتظامیہ نے سربمہر کر دیا ۔علاوہ ازیں مہنگے نرخوں پر مرغی کا گوشت فروخت والے کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے ۔ ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو نے بتایا کہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔