لاپتا صارم کے والد کو تاوان کا میسج موصول ہونیکا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر،آن لائن)نارتھ کراچی سے اغوا ہونے والے 7 سال کے صارم کا 9روز بعد بھی سراغ نہ مل سکا۔ پولیس نے بتایا کہ بچے کے والد کو 5 لاکھ تاوان رقم کا میسج موصول ہوا ہے ، تاوان کامیسج بھیجنے والے نمبر کے حوالے سے چھان بین شروع کردی ہے۔
کیس کو اے وی سی سی میں ٹرانسفر کردیا گیا ہے ۔حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے ۔پولیس نے کہا کہ واقعہ جس وقت ہوا اس وقت فلیٹس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاحال وقوعہ کے وقت کی سی سی ٹی فوٹیج نہیں مل سکی، تاہم اطراف کی سی سی ٹی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے صارم کے والدین نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ مغوی بچہ کی والدہ نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ میرے بچہ کی بازیابی کے لئے آپ امید کی کرن ہیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے آئی جی سندھ پولیس کو فون کیا اور ہدایت کی کہ مغوی صارم کی بازیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ گورنر سندھ نے چیف سی پی ایل سی کو بھی فون کیا اور ہدایت کی کہا مغوی بچہ صارم کی بازیابی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں، شہر میں لگے خفیہ کیمروں، انٹیلیجنس معلومات اور دیگر ذرائع سے صارم کی تلاش کریں۔ گورنر سندھ نے صارم کی والدہ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ تسلی رکھیں، انشائاللہ جلد صارم بازیاب ہو جائے گا۔