قائد آباد سے گلشن حدید تک تجاوزات کا خاتمہ

کراچی (رپورٹ :آغا طارق )ملیر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کر کے ایک ہزار سے زائد ٹھیلے اور پتھارے ہٹانے کے ساتھ ساتھ سیکڑوں ٹھیلے ضبط کر لیے گئے ۔
مین نیشنل ہائی وے پر قائد آباد سے لے کر گلشن حدید تک دیگر تجاوزات کو بھی مسمار کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو کی سربراہی میں قائد اباد سے لے کر گلشن حدید تک تجاوزات ،ٹھیلوں اور پتھاروں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں ڈپٹی کمشنر ملیر کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ابراہیم حیدری، اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم ،ٹریفک پولیس ،علاقہ پولیس ، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کا عملہ اور ہیوی مشینری بھی ساتھ تھی۔ آپریشن میں قائد آباد سے لے کر گلشن حدید تک میں نیشنل ہائی وے پر قائم تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ ہزاروں کی تعداد میں ٹھیلوں اور پتھاروں کو ہٹادیا گیا اور سیکڑوں ٹھیلوں کو انتظامیہ نے ضبط کرلیا۔اپریشن کے دوران گلشن حدید فیز ون اور فیز ٹو میں میں بھی تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا اور مرکزی سڑکوں پر موجود تمام تجاوزات کو ختم کر دیا گیا ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیر سلیم اللہ اوڈھو نے بتایا کہ مین نیشنل ہائی وے پر کسی بھی قسم کی تجاوزات کی اجازت نہیں ہوگی ۔ تجاوزات کا خاتمہ کرنا اولین فرض ہے ۔شاہراہوں پر ٹریفک کی آمد رفت کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ کسی نے تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی تو مقدمات درج ہوں گے ۔