بجلی کا بڑا بریک ڈائون ، پانی کی 2 لائنیں پھٹ گئیں

بجلی  کا بڑا  بریک  ڈائون  ، پانی  کی  2 لائنیں  پھٹ گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث واٹر کارپوریشن کی 2 لائنیں پھٹ گئیں ۔

ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق 72 انچ پی آر سی سی لائن نمبر 1 اور 72 انچ ایم ایس کی لائن نمبر 5 متاثر ہوئیں اطلاع ملنے پر واٹر کارپوریشن حکام نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ لائنوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لائنوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس ضمن میں واٹر کارپوریشن حکام نے متاثرہ لائنوں کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیا چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کے مطابق متاثرہ لائن نمبر 5 کا مرمتی کام اگلے 24 گھنٹوں اور لائن نمبر 1 کا مرمتی کام اگلے 4 روز میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ شہر کو متبادل لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کو یومیہ ٹوٹل 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ۔ہے مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی یومیہ پانی کی کمی کا سامنا ہوگا جبکہ شہر کو 550 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پیر کی صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اچانک بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا تھا جس کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تمام پمپنگ مکمل طور پر بند ہوگئی تھی دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی کچھ دیر بعد صبح 10:45 پر بحال ہوئی جس کے بعد شہر کو متبادل لائنوں سے پانی کی فراہمی شروع کردی گئی ہے ۔ دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر آنے والا جزوی تعطل کو فوری بحال کردیا گیا، بجلی کی فراہمی جاری ہے ،ترجمان کے الیکٹرک نے مزید کہا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز نہ صرف لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں