سکھر بیراج کی صفائی ودیگر کام تیز ،چینی کمپنی کی خدمات حاصل

سکھر(بیورو رپورٹ)صوبائی سیکرٹری آبپاشی ظریف کھیڑو نے سکھر بیراج کے گیٹ تبدیل کرنے اور بیراج کی سالانہ صفائی کے جاری کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ۔۔
کہ سکھر بیراج کا کام ہنگامی بنیادوں پر دن رات جاری ہے ، جس کے لیے چینی کمپنی مکینیکل انجینئرنگ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی سندھ کے حکم پر چینی کمپنی کے عملے کی حفاظت کے لیے مزید پولیس چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں جب کہ ایک چینی تعمیراتی کمپنی کے ذریعے گیٹ کی تبدیلی کے کام کی نگرانی ورلڈ بینک کے کنسلٹنٹس کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے سکھر بیراج کی نگرانی کے لیے سندھ بیراج امپروومنٹ پروگرام(پی ایم او)کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر غلام محی الدین کو بھی مقرر کردیاگیاہے ، اس کے علاوہ سکھر بیراج کی سالانہ کلیئرنگ کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سکھر بیراج کی ساتوں نہروں کے فلٹر بلاکس اور پکی سطحوں کا معائنہ ہورہا ہے ،سکھر بیراج کے گیٹ تبدیل کرنے کے کام کے حصے کے طور پر اپ اور ڈاؤن اسٹریم پر ڈیم بنایا گیا ہے جس سے بیراج کی نہروں میں پانی کی فراہمی میں کوئی خلل نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج کے بائیں اور دائیں جانب سے نکلنے والی نہروں کے ذریعے 75 لاکھ ایکڑ سے زائد اراضی زیر کاشت ہے ۔ سکھر بیراج کی مرمت کا کام بھی ہورہا ہے۔