کشمیر وادی سندھ کا حصہ رہا ہے ،سید سردار شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے آرٹیکل 370 کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، تاریخی طور پر کشمیر وادی سندھ کا حصہ رہا ہے ۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے پیپلز چورنگی تا مزار قائد یکجہتی کشمیر واک کا اہتمام کیا گیا، واک کی قیادت وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کی جبکہ چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ ،کمشنر کراچی سید حسن نقوی، حریت رہنما، صوبائی کابینہ سیکریٹریٹ اور سندھ حکومت کے سینیئر افسران شریک ہوئے ، واک میں اسکولوں کے طلبا بھی آزاد کشمیر اور قومی پرچم تھامے شریک ہوئے ۔ مزار قائد پر شرکا سے خطاب میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے کہا کہ مزار قائد پر تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، ہمارے دل ساتھ دھڑکتے ہیں، ہر مشکل میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ حریت رہنما یوسف نسیم نے کہا کہ کشمیریوں سے رشتہ کلمے کی بنیاد پر ہے ، کشمیر کو ہندوستان نا خرید سکا نا طاقت کی بنیاد پر کشمیریوں کو ساتھ ملا سکا، آج بھی کشمیری پاکستانی پرچم میں دفن ہوتے ہیں، کشمیری آج کا دن یوم تشکر اور تجدید عہد کے طور پر مناتے ہیں۔ وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیریوں سے یکجہتی کے طور پر یہ دن منانے کا آغاز کیا، تقسیم ہند کے وقت ریاستوں کو اختیار دیا گیا تھا کہ وہ اپنا فیصلہ کریں تاہم بھارت نے ریاست جونا گڑھ اور کشمیر کو عوامی رائے کے برخلاف فوج کا استعمال کرتے ہوئے قبضہ کیا۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے،اسلامی ممالک کی تنظیم کو کردار ادا کرنا چاہیے۔