روزگار کی تلاش میں کراچی آنے والا نوجوان تشدد کے بعد قتل

کراچی(اسٹاف رپورٹر )منگھو پیر ایم پی آر کالونی سے لاپتہ ہونے والے 20 سالہ نوجوان کو تشدد کے بعد قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق کلفٹن بلاک 4 باغ ابن قاسم بارہ دری پارک کے قریب سے ایک نوجوان تشدد زدہ اور بیہوشی کی حالت میں ملا تھا۔زخمی نوجوان جناح اسپتال میں دوران علاج دم توڑگیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے مقتول نوجوان کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا تو مقتول نوجوان کی موت سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث ہوئی ہے ۔ ایس ایچ او بوٹ بیسن عمران آفریدی نے بتایا کہ مقتول کے چچا عبید اللہ ولداحسان اللہ سے رابطہ کیا توانہوں نے بتایا کہ مقتول نوجوان فٹ پاتھ پرسو کررات گزارنے والا نہیں ہے بلکہ مقتول نوجوان ایک ماہ قبل روزگارکی تلاش میں کراچی آیا تھا اور3 فروری کوروزگارکی تلاش میں گھرسے نکلا تھا اورپھرواپس نہیں لوٹا۔