پولیو ٹیم پر حملے کے 12ملزمان ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیو ٹیم پر حملے کے الزام میں 12 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
انسداد دہشت گردی منتظم عدالت میں پولیس نے گلزار ہجری کے علاقے میں پولیو ٹیم پر حملے کے مقدمے میں گرفتار 12 ملزمان کو پیش کیا۔تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے انسداد پولیو مہم کے دوران رکاوٹ ڈالی ،پولیو ٹیم اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مار پیٹ کی ، گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کرانا ہے اور تفتیش کے بعد کیس میں نامزد دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے ۔ عدالت نے گرفتار تمام ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ۔دریں اثنا ء سندھ ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی کے تبادلے کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈی جی ہیومن سیٹلمنٹ اتھارٹی کاشف خان کے تبادلے خلاف درخواست کی سماعت کی۔