ذخیرہ اندوز سرگرم،رمضان سے قبل چینی مہنگی

ذخیرہ اندوز سرگرم،رمضان سے قبل چینی مہنگی

کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)اجناس کی قیمتوں میں سٹے بازی اور ذخیرہ اندوزی کا مافیا شہر بھر میں ایک بار پھر سرگرم ہوگیامگرکمشنر کراچی سمیت دیگر پرائس کنڑول ڈپارٹمنٹ نوٹس لینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

ملز مالکان ہو ہول سیل مارکیٹ ہو یا ریٹیل مارکیٹ ہر سو اجناس کی قیمتوں میں سٹے کا بازار گرم ہے ۔کمشنر ہاؤس کی جانب سے پرائس کنڑول لسٹ کا اجراء تو کیا جاتا ہے مگر اس کی رٹ قائم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا جاتا، اسی وجہ سے پھل ، سبزی ، گوشت سمیت اجناس کی سرکاری قیمتوں میں اور بیوپار کی خود ساختہ قیمتوں میں بڑا فرق سامنے آتا ہے ۔عوام کا کہنا بھی درست ہے کہ مہنگائی کی رفتار میں کمی کا فائدہ کمشنر ہاؤس کی مسلسل غفلت کے باعث ان تک نہیں پہنچ پاتا ہے ۔ چیئرمین کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبد الروف ابراہیم سے دنیا نیوز نے چینی کی قیمت میں ہوشرباء اضافے کا سبب جاننے کی کوشش کی تو انکا کہنا تھا کہ چینی برآمدات پر حکومت پابندی عائد کردے چینی کی قیمت میں کمی ہوجائے گی، سٹہ نیٹ ورک سے متعلق انکا کہنا تھا کہ اگر سرکاری اداروں نے مسلسل غفلت کا مظاہرہ کیا اور چینی سمیت دیگر اجناس کی قیمتوں کو مانیٹر نہیں کیا تو رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان برپا ہوجائے گا، ہر سال کی طرح رمضان سے قبل ہی چینی کی قیمت کیوں بڑھتی ہے ۔ عبد الروف ابراہیم کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کا سلسلہ ملز مالکان کی جانب سے شروع ہوتا ہے ،پھر اسکے منفی اثرات ہول سیل مارکیٹ پر مرتب ہوتے ہیں کیونکہ جو مالکان چینی کی تیاری کرتے ہیں ان ہی کے نمائندگان بڑے پیمانے پر ہول سیل مارکیٹ میں بیٹھے ہوتے ہیں اور پھر انکا دائرہ وسیع ہوجاتا ہے اور یہ سلسلہ ریٹیل مارکیٹ تک پہنچ جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چینی کی سرکاری قیمت بھی بڑھ رہی ہے کیونکہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اور گورنمنٹ ٹو بزنس چینی ایکسپورٹ کے آرڈرز مل رہے ہیں ،گزشتہ سالوں میں چینی کی اسمگلنگ ہورہی تھی،اب ایکسپورٹ ہورہی ہے ، فی کلو چینی کی قیمت ہول سیل مارکیٹ میں150روپے سے تجاوز کرگئی ہے اور خود ساختہ طور پر چینی کی خریداری کے سودے 155 روپے میں ہورہے ہیں جو ریٹیل مارکیٹ میں15سے 15روپے زیادہ میں فروخت ہوں گے اور پھر ریٹیل مارکیٹ ہر علاقے کے حساب سے چینی کی قیمت کاتعین کریگی۔ عبدالروف ابراہیم نے کہا کہ اگر چینی ایکسپورٹ پر سرکار نے پابندی عائد نہیں کی تو فی کلو چینی کی قیمت آوٹ آف کنڑول ہوکر رمضان تک200روپے کلو ہوجائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں