من پسند افراد کو گھر تعمیر پروگرام میں شامل کرنے پر متاثرین کااحتجاج

من پسند افراد کو گھر تعمیر پروگرام میں شامل کرنے پر متاثرین کااحتجاج

دڑو (نمائندہ دنیا) دڑو میں سیکڑوں سیلاب متاثرین کا سروے پروگرام کے تحت حقیقی متاثرین کو نظرانداز کر کے من پسند افراد کو ’’گھر تعمیر پروگرام‘‘میں شامل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، دھرنا، ٹریفک معطل کر کے نعرے لگائے ۔

تفصیلات کے مطابق دڑو میں یونین کونسل بنوں کے سیکڑوں سیلاب اور برسات متاثرین نے سروے پروگرام کے تحت گھر تعمیر کرنے والے کاموں میں حقیقی متاثرین کو نظر انداز کرنے اور من پسند افراد کو شامل کرنے کے خلاف پنجاری پل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا، جس کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور سجاول جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین جنو ملاح، محمد میرانی، زاہد خاصخیلی، مشتاق ، پوڑھی ملاح، عیسیٰ بھٹی اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ ضلع سجاول میں سماجی تنظیم کی جانب سے سروے پروگرام کے تحت گھر تعمیر کرانے والے کاموں میں حقیقی سیلاب متاثرین کو نظرانداز کیا گیا ہے ، جبکہ من پسند افراد کو شامل کرکے مبینہ کرپشن اور اقرباپروری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سجاول کی انتہائی پسماندہ یونین کونسل بنوں میں دریائے سندہ کے کنارے پر مقیم کئی علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، یہاں کے رہائشی غربت کی زندگی گزار رہے ہیں، کئی خاندانوں کو سروے پروگرام میں نظر انداز کر دیا گیا ہے ، صرف من پسند افراد کو شامل کرکے بڑے پیمانے پر مبینہ کرپشن اور اقربا پروری ی گئی ہے ۔ انہوں نے حکومت سندھ، ڈی سی سجاول اور سماجی تنظیم کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ یونین کونسل بنوں کے حقیقی متاثرین کو سروے پروگرام میں شامل کر کے گھر تعمیر کر کے دئیے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں