امتحانی مراکز کیلئے فہرست میٹرک بورڈ کے حوالے

کراچی (این این آئی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت رواں سال ہونے والے نہم دہم کے امتحانات کے حوالے سے امتحانی مراکزقائم کرنے کے لیے سرکاری اسکولوں کی فہرست ڈائریکٹریٹ اسکول ایجوکیشن ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری نے مرتب کر کے بورڈ کے حوالے کردی ہے ۔
کنٹرولر آف ایگزامینشن اور ڈائریکٹراسکول ایجوکیشن ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری کے درمیان میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ وہ سرکاری اسکول امتحانی مراکز بنائے جائیں جس میں تمام سہولیات پہلے سے موجود ہوں۔ ڈائریکٹریٹ نے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ایسے اسکولوں کی فہرست مرتب کی جائے جہاں تمام سہولیات موجود ہوں جس پر گزشتہ ہفتہ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران نے فہرست مرتب کر کے ڈائریکٹریٹ ایلیمنٹری، سکینڈری اور ہائر سیکنڈری کے حوالے کردی تھی اور ڈائریکٹریٹ نے یہ فہرست کنٹرولر آف ایگزامیشن کے حوالے کردی ہیں۔ اس حوالے سے جب ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن مرزا ارشد بیگ سے رابطہ کیا گیاتو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ناظم امتحانات ثانوی تعلیمی کراچی کے ساتھ میٹنگ میں یہ طے پایا تھا کہ ایسے اسکولوں کی فہرست ہمیں فراہم کریں جہاں تمام سہولیات موجود ہوں اور طلبہ کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہواور یہ بھی طے پایا تھا کہ اگر مرتب کردہ فہرست میں ایسا کوئی اسکول ہوا جس میں بنیادی سہولیات موجود نہیں ہوئیں تو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسراوراسکول پرنسپل سے باز پرس کی جائے گی۔ مرزا ارشد بیگ نے مزید بتایا کہ بورڈ بھی کوشش کرے کہ جتنی امتحانی مراکز میں گنجائش ہو اتنے طلبہ کا امتحانی مرکز بنایا جائے ۔