زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کےخلاف اعلیٰ اختیاراتی ڈیسک کے قیام کی ہدایت

کراچی(این این آئی)حکومت سندھ کی جانب سے تاجر برادری،بلڈرز اور عوام الناس کی قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے قائم کی جانیوالی کمیٹی کا پہلا اجلاس امروز وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت منعقد کیا گیا ۔۔
جس میں لینڈ گریبنگ و تجاوزات کے معاملات و ایشوز کے سدباب سے متعلق مزید ضروری ہدایات دی گئیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ زمینوں پر قبضے اور تجاوزات کے خلاف ایک اعلی اختیاراتی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے جو کمشنر کراچی کی سربراہی میں جملہ ممبران کے اشتراک سے کام کریگا۔اس ڈیسک کے روبرو شکایات سے متعلق مکمل ثبوتوں کیساتھ تاجر برادری، بلڈرز اور عوامی نمائندے پیش ہونگے ۔واضح رہے کہ لینڈ گریبنگ اور تجاوزات کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے قائم کردہ ڈیسک کے ممبران میں ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت کے ڈی اے ،بورڈ آف ریونیو،کے سی سی آئی،کاٹی اور آباد کے نمائندے شامل ہیں۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ ڈیسک کے قیام اور اسکے اغراض و مقاصد کی بابت جملہ معلومات کی عام لوگوں تک رسائی کو یقینی بنایا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیسک شکایات کے ازالے یا دیگر اقدامات کی بابت ہر پندرہ دن بعد اپنی رپورٹ ترتیب دیکر حکومتی کمیٹی کو پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کے روز تاجر برادری کی جانب سی کی جانیوالی 22 شکایات کا ازالہ جلد سے جلد کیا جائے ۔آئی جی سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ لینڈ گریبنگ اور تجاوزات سے متعلق ایس او پی تیار ہے جو آئندہ ہونیوالے اجلاس میں پیش کی جائیگی۔