انٹرنتائج کاتناسب کم،این ای ڈی کی داخلہ پالیسی تبدیل

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں انٹر سال اول کے نتائج کا تناسب انتہائی کم ہوجانے کے بعد اب این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی نے اپنی داخلہ پالیسی میں تبدیلی کردی ہے۔۔
اور نئے سیشن 2025/26 کے بی ای اور بی ایس کے داخلوں کے سلسلے میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا ویٹج (weightage ) کم کرتے ہوئے رجحان ٹیسٹ کے ویٹج میں اضافہ کردیا گیا ہے اور میرٹ لسٹ اب اس نئے فارمولے کے تحت تیار ہوگی۔ مذکورہ فیصلہ انٹر سال اول پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کے کراچی کے طلبا کے نتائج کم ہوکر بالترتیب 29 فیصد اور 35 فیصد رہ جانے کے سبب کیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں بی ای کے داخلے انٹر سال اول کی نتائج کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔این ای ڈی یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اب داخلوں کے سلسلے میں میرٹ طے کرنے کے لیے ٹیسٹ کا ویٹج 60 فیصد اور انٹر سال اول کے مارکس کا ویٹج 40 فیصد ہوگا، اس سے قبل یہ ویٹج 50/50 فیصد سے مساوی ہوا کرتا تھا جسے اس سال سے تبدیل کیا جارہا ہے ۔اکیڈمک کونسل کے فیصلے کے مطابق داخلوں کے سلسلے میں اشتہار مارچ کے آخری ہفتے میں جاری ہوگا، 24 مئی کو پہلا رجحان ٹیسٹ جبکہ 12 جولائی کو دوسرا ٹیسٹ ہوگا، نئے سیشن کا آغاز 18 اگست سے کردیا جائے گا۔