جعفر ایکسپریس حملہ :اندرون سندھ مختلف شہروں میں مظاہرے

کنری،شہدادپور، ٹنڈو محمد خان، روہڑی (نمائندگان دنیا)بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر حملے اور ۔
مسافروں کو یرغمال بنانے کے خلاف اندرون سندھ مختلف شہروں میں شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کنری میں سول سوسائٹی، اساتذہ اور طلبہ نے قاضی سلطان ہائر سیکنڈری اسکول سے نیشنل پریس کلب کنری تک مارچ کیا۔ مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر اساتذہ نادر حسین گشکوری، ظفر گل، اور پاکستان ہیومن رائٹس ویلفیئر فاؤنڈیشن تحصیل کنری کے صدر محمد مٹھو بھمبرو نے خطاب کرتے ہوئے اس بزدلانہ حملے کو ملکی سالمیت پر حملہ قرار دیا۔شہدادپور میں اسلامیہ سائنس کالج کے طلبہ اور اساتذہ نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی اور ایک پرجوش احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ٹنڈو محمد خان میں ہیومن رائٹس آرگنائزیشن اور سول سوسائٹی کے کارکنان نے پاک فوج کی حمایت میں احتجاجی ریلی نکالی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ملک دشمن عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔روہڑی میں بھی جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے اور مسافروں کو اغوا کرنے کے خلاف کندھرا بس اسٹاپ سے ایوانِ صحافت تک ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں نعرے بازی کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سیاسی و سماجی رہنما شاہنواز کاندھڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے جو ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔