عمرکوٹ:کھلے آسمان تلے پڑی سرکاری گندم دیمک کا شکار

عمرکوٹ (نمائندہ دنیا)عمرکوٹ میں محکمہ خوراک کی غفلت کے باعث سرکاری گوداموں کے بجائے کھلے آسمان تلے پڑی ہزاروں من گندم دیمک کا شکار ہو گئی۔۔
جس سے لاکھوں روپے مالیت کے نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق یونین کونسل ولی داد پلی، ڈھورو نارو سمیت دیگر مقامات پر قائم سرکاری خریداری مراکز پر گزشتہ سال 4 ہزار روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے خریدی گئی گندم تاحال غیر محفوظ پڑی ہے ۔انتظامیہ نے گندم کو محفوظ بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ، جس کے باعث یہ خراب ہو رہی ہے ۔کاشتکاروں کے مطابق اس سال اوپن مارکیٹ میں قیمت کم ہونے کے باعث انہوں نے کم پیداوار حاصل کی، جبکہ بلیک مارکیٹنگ کے سبب مستقبل میں گندم کے بحران کا خدشہ ہے ۔محکمہ زراعت کے مطابق عمرکوٹ میں رواں سال 96,824 ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی، جو کہ مقررہ ہدف 108,680 ایکڑ سے کم ہے ۔دوسری جانب ضلعی فوڈ کنٹرولر کاعہدہ تین ماہ سے خالی ہے اور اس پر تاحال کوئی تعیناتی نہیں کی گئی، جبکہ ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید احمد لاڑک نے معاملے سے لاعلمی اور لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی موقف دینے سے انکار کر دیا ہے۔