روہڑی :قلیوں کا روزگار نہ ملنے پر احتجاج، متبادل روزگار کا مطالبہ

روہڑی(نمائندہ دنیا)پاکستان کے اہم ترین ریلوے اسٹیشن روہڑی پر کام کرنے والے قلیوں نے روزگار نہ ملنے پر شدید احتجاج کیا۔
امتیاز چانڈیو، احمد علی ابڑو، عامر علی برڑو، قربان کھوسو اور دیگر کی قیادت میں قلیوں نے ریلوے انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی ،تاکہ انہیں فاقہ کشی سے بچایا جاسکے ۔رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی مسافروں کی تعداد میں کمی کے باعث ٹرینیں منسوخ کردی جاتی ہیں، جس سے قلیوں کو مزدوری نہیں ملتی۔خالی ہاتھ گھروں کو لوٹنا پڑتا ہے ، جس کے باعث گھروں میں راشن ختم ہوگیا ہے اور بچے بھوک کا شکار ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب اور کراچی سے خالی ٹرینیں آنے کی وجہ سے کام نہ ہونے کے برابر ہے ، جبکہ قلیوں کا کوئی متبادل ذریعہ معاش بھی نہیں۔قلیوں نے وفاقی وزیر ریلوے ، چیئرمین، جی ایم، ڈی ایس ریلوے سکھر اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی کہ مالی مدد کی جائے یا متبادل روزگار فراہم کیا جائے تاکہ وہ عید کی خوشیاں مناسکیں اور فاقہ کشی سے بچ سکیں۔