کندھ کوٹ:عید سے قبل ڈاکو سرگرم، بھتہ نہ دینے پر مزدور قتل
کندھ کوٹ (نمائندہ دنیا)کندھ کوٹ میں عید قریب آتے ہی ڈاکوؤں کی وارداتیں بڑھ گئیں، غلہ منڈی میں بھتہ طلب کرنے والے مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزدور آدم شیخ جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے ورثاء نے انڈس ہائی وے پر لاش رکھ کر دھرنا دیا، جس سے ٹریفک معطل ہوگئی، جبکہ سیاسی و سماجی تنظیموں نے بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق غلہ منڈی کے ہندو تاجر بیربل داس کو ڈاکوؤں نے بھتے کے لیے دھمکیاں دیں اور عدم ادائیگی پر مسلح افراد نے دن دہاڑے فائرنگ کردی، جس کی زد میں آکر محنت کش آدم شیخ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ طبی سہولیات نہ ہونے کے باعث سکھر لے جاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔ مقتول کے اہل خانہ نے پولیس پر ڈاکوؤں سے ملی بھگت کا الزام لگایا اور دھرنا دے کر انصاف کا مطالبہ کیا۔ لاڑکانہ میں رتوڈیرو روڈ پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 20 سالہ نوجوان مدثر جاگیرانی جاں بحق ہوگیا، جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ والد نے الزام عائد کیا کہ بیٹے نے کچھ عرصہ قبل جکھرا کمیونٹی کی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے نتیجے میں جکھرا برادری کے افراد نے انتقامی کارروائی میں بیٹے کو قتل کر دیا۔ محراب پور میں درگاہ جمال شاہ جاڑو بھٹی لنک روڈ پر منٹھار علی نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جب کہ مورو تھانہ کی حدود گاؤں ٹٹھ گوراہی میں گھریلو چپقلش کے باعث ایوس شان نامی نوجوان نے زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔