بلدیہ ٹاؤن میں مسلح ملزمان دودھ کے بیوپاری سے 40لاکھ روپے لوٹ کر فرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیماڑی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر دودھ کے بیوپاری سے مبینہ طور پر40 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تاہم پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔
کراچی پولیس کے مطابق مدینہ کالونی تھانہ کی حدود سعید آباد بلدیہ ٹاؤن سیکٹر5 جے گلی نمبر ایک میں مبینہ طور پر3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر دودھ کے بیوپاری شعیب ڈار کو کار سے اتار کر گاڑی میں موجود پیسوں سے بھرا بیگ چھین لیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔متاثرہ شہری شعیب ڈار نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ ریکوری کے لیے آیا تھا اور اس کے بیگ میں دودھ ریکوری کے 40 لاکھ روپے موجود تھے جو ملزمان لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔متاثرہ شہری نے بتایا کہ ملزمان نے اس کے جیب سے پرس بھی نکال لیا ہے جس کے بعد مدینہ کالونی پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 25/100 درج کرلیا ہے ۔ایس ایچ او مدینہ کالونی قمر عباس نے بتایا کہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔