گیس غائب، لائنوں سے گٹر کا پانی بہنے لگا،شہری پریشان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی کی نااہلی کے باعث شہر کے اکثر علاقوں میں گیس کی لائنوں میں پانی آنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی، گلبہار کے علاقے محلہ پاسبان اور دیگر علاقوں میں سوئی گیس کی پائپ لائن میں گیس کے بجائے گٹر کا پانی آنے لگا ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ پائپ لائنوں میں گیس نہیں آتی، لیکن دن اور رات کو میٹروں و چولہوں سے گٹرکا پانی بہتا رہتا ہے ۔علاقہ مکین گیس لائن میں پانی آنے سے شدید پریشان کا شکار ہیں، سحری اور افطاری بنانا مشکل ہوگئی ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے گیس کے جو اوقات مقرر کئے ہیں، اس میں گیس پہلے ہی کم آتی تھی اور اب تو لائنوں سے پانی آنا شروع ہوگیا ہے ، جس کی وجہ سے کم مقدار میں ملنے والی گیس بھی بند ہو گئی ہے ۔ اس حوالے سے سوئی سدرن کو کئی شکایات درج کرائی گئیں تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی ،گیس بحران کی وجہ سے شہریوں کو افطار اور سحر میں ہوٹلوں سے کھانا خریدنا پڑ رہا ہے، جبکہ آئے دن کی گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث کئی لوگوں نے پریشانی سے بچنے کیلئے گیس سلنڈر خرید لیے ہیں تاکہ سحری اور افطاری کا انتظام کرسکیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق گیس کم آنے کی وجہ سے لوگوں نے گیس لائنوں پر کمپریسر لگا لئے ہیںجو کہ ایک خطرناک بھی ہے ، جس کے باعث گیس کے ساتھ اکثر پانی بھی آجاتا ہے اور لائن چوک ہوجاتی ہے ، اگر حکومت گیس لائنوں کو کلیئر اور کمپریسر لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور جن گھروں میں کمپریسر لگے ہیں ان کو فوری طور پر اپنے قبضے میں لے تو آئے دن کی پریشانی سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے ۔