انتظامیہ چینی کے نرخ پرقابوپانے میں ناکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں کمشنری نظام منافع خوری روکنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے شہر میں ناجائز منافع خور سرکاری نرخ کے برخلاف چینی 45 روپے مہنگی کرکے 170 روپے فی کلو فروخت کررہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں منافع خوری اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے شہر میں سرکاری نرخ کے برخلاف چینی 45روپے مہنگی کرکے 170روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے جبکہ کمشنر کراچی نے چینی کے سرکاری نرخ فی کلو ہول سیل میں 122 اور ریٹیل میں 125 روپے فی کلو مقرر کررکھی ہے لیکن شہر بھر میں گراں فروش من مانے نرخ شہریوں سے وصول کررہے ہیں ۔ رمضان المبارک سے قبل عوام کو ریلیف دینے کے سرکاری سطح پر بڑے بڑے دعوے کیے گئے تھے لیکن صورتحال اس کے برعکس نظر آرہی ہے منافع خوری و مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے گراں فروش دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں تاہم ارباب اختیار سب اچھا ہے کہ گن گانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔علاوہ ازیں مرغی فروشوں نے بھی سرکاری ریٹ ہوا میں اڑادیئے ۔ شہرقائد میں مرغی کا گوشت 650 روپے کے بجائے 780 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔سرکاری لسٹ کے مطابق مرغی کا گوشت 650 روپے کلو ہونا چاہیے لیکن 750 سے 780 روپے کلو میں فروخت جاری ہے ۔رواں ماہ کے دوران مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں ڈیڑھ سو روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے ۔