سیپا کی فضائی اور شور کی آلودگی کے خلاف مہم جاری

سیپا کی فضائی اور شور کی آلودگی کے خلاف مہم جاری

کراچی(این این آئی)ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ(سیپا)نے فضائی اور شور کی آلودگی کے خلاف صوبہ بھر میں جاری اپنی سخت مہم کامسلسل تیسرادن مکمل کر لیا ہے ،یہ مہم ماحول اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے سیپا کے پختہ عزم کا بین ثبوت ہے ۔

مسلسل دن رات جاری رہنے والی مہم ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کیلئے سیپا کی فعال کوششوں کو ظاہر کرتی ہے ۔کراچی میں، سیپا کے عملے نے لیاقت آباد میں گاڑیوں کے دھوئیں کی سخت جانچ کی۔ معائنہ کی گئی 19 گاڑیوں میں سے 3 گاڑیاں سندھ ,کے ماحولیاتی معیار کے مطابق مقررہ حد سے زیادہ دھواں خارج کرتی پائی گئیں۔ جبکہ گزشتہ روز ایجنسی نے اپنی کوششوں میں تیزی لاتے ہوئے 36 گاڑیوں کی نگرانی کی اور 8 خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کی۔اس کے ساتھ ہی، سیپا کی ٹیموں نے کراچی کے مختلف مصروف چوراہوں پر شور کی سطح کی نگرانی کی، جس میں قابل برداشت حد سے کہیں زیادہ خطرناک سطح سامنے آئی۔ ریکارڈ کی گئی شور کی سطح، جو کراچی یونیورسٹی میں 69 ڈیسیبل سے لے کر لیاقت آباد میں 94 ڈیسیبل تک ہے جو شور والی گاڑیوں اور شہری شور کے ذرائع کے عوام کی صحت، خاص طور پر سماعت سے متعلق مسائل پر شدید اثرات کو اجاگر کرتی ہے ۔مہم یکساں تندہی کے ساتھ جاری رہے گی۔ ایجنسی تمام شہریوں اور صنعتوں سے مکمل تعاون کی اپیل کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں