الخدمت کے تحت آغوش ہوم میں روزہ کشائی کا اہتمام

الخدمت کے تحت آغوش ہوم میں روزہ کشائی کا اہتمام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے تحت آغوش ہوم گلشن معمار میں عالمی یوم یتامیٰ منایا گیا ،اس مناسبت سے 16 بچوں کی روزہ کشائی کا اہتمام کیا گیا۔آغوش ہوم میں مقیم دیگر بچے بھی روزہ کشائی کی تقریب میں شریک تھے۔

جبکہ الخدمت ہیڈ آفس میں یتیم بچوں کیلئے دستخطی مہم کیلئے بورڈ آویزاں کیا گیا جس پر مختلف مکاتب فکر کے افراد نے اپنی آراتحریر کیں اور ان بچوں کی کفالت کے عمل کو سراہا گیا ۔تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کی اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی،ڈائریکٹر عارفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے بھی خطاب کیا،فصیح اللہ حسینی نے روزے کی اہمیت پر خصوصی خطاب کیا،روزہ کشائی کی تقریب میں ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی،سینئر منیجر عنایت اللہ اسماعیل، نجیب ایوبی و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔اس موقع پر نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت 22 آغوش ہومز میں ہزاروں بچوں کی پرورش کر رہی ہے ۔ اس وقت ملک میں 45 لاکھ سے زائد بچے یتیم ہیں معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کی کفالت کے لیے آگے آئے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر خدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ ملک بھر میں قائم آغوش میں بچوں کو اعلیٰ معیار کی سہولت فراہم کی جا رہی ہیں ۔یہ بچے ملک کا روشن مستقبل ہیں ۔ہمیں ان سے امیدیں وابستہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت سنت رسولؐ ہے ،معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان بچوں کے سرپرستی کریں۔یوسف محی الدین نے کہا کہ اپ بچے ملک کا روشن مستقبل ہے اور روزہ رکھ کر آپ نے یہ ثابت کیا ہے کہ آپ بھی اپنے اندر صبر اور برداشت پیدا کرنے کے لیے روزہ رکھ کر یہ تربیت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں