ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری مزید بہتربنائی جائے ،مصطفی کمال
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے کے تحت موجودہ سہولتوں میں بتدریج بہتری لاکر سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو مزید بہتر بنایا جائے ، عالمی معیار کے مطابق بنانے کا عمل بھی تیز کیا جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی کے دورے پر کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سیف الرحمن نے فیلڈ آفس ڈریپ کے فنکشنز، کارکردگی اور سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کراچی کے بارے میں بریفنگ دی، نیز آگاہ کیا کہ آئندہ 3 ماہ میں لیبارٹری ڈبلیو ایچ او سے پری کوالیفائی ہو جائے گی۔ اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ دواؤں کی ایکسپورٹ کو مزید بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ فارما انڈسٹریز کو مقامی مینوفیکچرنگ کیلئے ترجیح بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جائیں جو عالمی معیار کے مطابق ادویات تیار کریں اور ایکسپورٹ بڑھائیں۔ بعد ازاں سید مصطفی کمال نے ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سندھ کا دورہ کیا جہاں وفاقی وزیرنے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ اس سال رپورٹ ہونے والے 6 پولیو کیسز میں سے 4 سندھ میں سامنے آئے ہیں۔ مزید برآں وفاقی وزیر نے ماحولیاتی نگرانی کے نتائج پر شدید تشویش کا اظہار کیا جن کے مطابق کراچی کے اضلاع میں سیوریج کے نمونوں میں مسلسل پولیو وائرس پایا جا رہا ہے ۔