حکومت سوشل میڈیا پر توہین رسالت روکے ،شجاع شیخ

حکومت سوشل میڈیا پر توہین رسالت روکے ،شجاع شیخ

کراچی (پ ر)سوشل میڈیا پر گھناؤنے انداز میں جاری توہینِ رسالت و اسلاف کو روکنے کیلئے حکومت فوری اقدامات کرے ،المیہ یہ ہے کہ مسلم ممالک نے اسلاموفوبیا کے سد باب کے عالمی دن پر پہرہ نہیں دیا۔

 ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے اسلاموفوبیا کے سد باب کے عالمی دن جسے پاکستان میں یومِ تحفظِ ناموس رسالت و اسلاف کے طور پر بھی منایا جا رہا ہے کے موقع پر ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے خلاف نفرت کا اظہار جو پہلے تشدد کے ذریعے یا تحریری طور پر ہوتا تھا،اب سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھی آچکا ہے ،کچھ لوگ مسلمانوں کے نام پرجعلی اکاؤنٹس بنا کر بدترین توہینِ مذہب اور اہانتِ رسولؐ پر مشتمل مواد شیئر کر رہے ہیں جو مسلمانوں کیلئے یقیناً اتنا ہی تکلیف دہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور توہینِ رسالت و اسلاف کے مرتکب افراد اور ان کے پشت پناہوں کو جرم ثابت ہونے پر عبرت ناک سزا دے تاکہ اِس فتنہ کی بیخ کنی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل، امریکہ، بھارت اور یورپ دنیا میں اسلاموفوبک دہشت گردی کے سرخیل ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ تین برس قبل اقوامِ متحدہ کا 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے سدباب کا عالمی دن قرار دینا مسلم دنیاکیلئے ایک مثبت پیش رفت تھی،اس کے باوجود گزشتہ 3 برس کے دوران مغرب میں توہینِ قرآن کے پے در پے واقعات دیکھنے میں آئے ۔ حجاب سمیت دیگر شعائر اسلام کو نشانہ بنایا گیا۔ امیر تنظیم نے کہا کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل ساڑھے 13 ماہ تک بہیمانہ بمباری بھی مسلمانوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا حصّہ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں