سرکاری لائن سے آئل چوری،ایک اور ٹینکر پکڑا گیا،پولیس افسران ملوث ہونے کا انکشاف

سرکاری لائن سے آئل چوری،ایک اور ٹینکر  پکڑا گیا،پولیس افسران ملوث ہونے کا انکشاف

کراچی(اسٹاف رپورٹر،آئی این پی )کورنگی کے علاقے سے سرکاری لائن سے بڑی مقدار میں آئل چوری کے معاملے میں جاری تحقیقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے ، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے اور چند پولیس افسران کے ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

پولیس نے ڈرائیور کو بھی گرفتار کر لیا، پکڑے جانے والے ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود ہے ۔ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے بڑے پیمانے پر آئل چوری کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار کر کے 25 ہزار کروڈ آئل سے بھرا ٹینکر پکڑا تھا، ان کی نشان دہی پر زمان ٹان سے کروڈ آئل سے بھرا ایک اور ٹینکر پکڑا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے آئل چوری کرنے کے لیے ویئر ہاس کرائے پر لیا اور اس کے اندر سے کھدائی کر کے سرنگ بنائی، اور 150 فٹ کھدائی کر کے لائن تک پہنچے اور اس پر کلپ لگایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ویئر ہائوس کے اندر سے سڑک کنارے گرین بیلٹ تک کھدائی کی، ملزمان رمضان المبارک کے دوران روز ہزاروں لیٹر آئل چوری کر رہے تھے ، پولیس نے سرکار کی مدعیت میں 8 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ادھر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام کو 50 ہزار لٹر کروڈ آئل کی چوری میں چند پولیس افسران اور اہلکاروں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں اور کروڈ آئل کی چوری میں ملوث پولیس افسران کو شناخت کر لیا گیا ہے، جس پر اعلیٰ پولیس افسران نے خفیہ تحقیقات شروع کر دی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں