بجلی کا بدترین بحران ،لوڈشیڈ نگ کاریکا رڈ قائم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیئے شہر کے مختلف علاقوں میں 15سے 18گھنٹوں کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا، شدید گرمی میں بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر شہری بلبلا اٹھے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران 15سے 18گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگتنا پڑرہا ہے دن اور رات کی اوقات میں طویل لوڈشیڈنگ نے بچوں ، بزرگوں اور خواتین کی زندگی اجیرن بنارکھی ہے کیماڑی، کھارادر، میٹھادر، گارڈن ، رنچھوڑ لائن، قصبہ علی گڑھ کالونی، اورنگی ٹائون، ملیر، شاہ فیصل کالونی،ناتھا خان گوٹھ ،شاہ لطیف، بن قاسم ، سرجانی ٹائون، لیاقت آباد، لائزایریا، سلطان آباد، بفرزون، شادمان، نارتھ کراچی سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں کے الیکٹرک نے بجلی بندش کے پرانے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے سبب مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہورہی ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بروقت بلوں کی ادائیگی کے باوجود گرمی میں لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنا پڑرہا ہے ۔ علاقے میں کنڈوں اور بجلی چوری کا جواز پیش کرکے بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاج معمول بن گیا ہے ۔
دوسری جانب اولڈ سٹی ایریا ، صدر، کورنگی ، لانڈھی ، اور نارتھ ناظم آباد میں قائم چھوٹے کاروباری مراکز میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے ۔ بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے درزیوں کا عید سیزن بری طرح متاثر ہورہا ہے ۔ درزیوں کا کہنا ہے کہ دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے مشینیں بند ہوگئی ہیں اور عید سے قبل آرڈر پورے کرنے مشکل ہوگیا ہے ۔ مہنگے پٹرول اور ڈیزل کی وجہ سے جنریٹر بھی استعمال کرنا ممکن نہیں ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ کی اصل وجہ یہ ہے کہ شہر میں ساڑھے تین ہزار میگا واٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ 32سو میگا واٹ دستیاب ہے 3سو میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کے الیکٹرک روزانہ کی بنیاد پر طویل لوڈشیڈنگ کررہی ہے ۔ طویل لوڈشیڈنگ کیوں ہورہی پر موقف لیا تو کے الیکٹرک حکام کا جواب تھا کہ شہر میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی جن علاقوں میں بجلی کے بل ادا نہیں کیے جاتے وہاں بجلی کی فراہمی معطل کردی جاتی ہے جبکہ بعض علاقوں میں مرمتی کام کی وجہ سے بجلی بند کی جاتی ہے حکام نے شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کرنے سے صاف انکار کیا۔