چھ نئی نہریں تعمیر کرنا سندھ کے حقوق کی خلاف ورزی ہے ،پیپلزپارٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے ترجمان سینیٹر عاجز دھامرہ نے کراچی پریس کلب میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے چھ نئی نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
ان کے ہمراہ سندھ حکومت کی ترجمان سیدہ تحسین عابدی، ترجمان سندھ حکومت عبد الواحد ہالپوٹو اور پیپلز پارٹی رہنما آصف خان بھی موجود تھے ۔پریس کانفرنس میں سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا کہ سندھ کو پہلے ہی پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے بغیر مشاورت چھ نئی نہریں تعمیر کرنا نہ صرف سندھ کے حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے بلکہ قومی یکجہتی کے لیے بھی خطرناک ہے ۔سیدہ تحسین عابدی نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو اس منصوبے میں یکسر نظر انداز کرنا سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی ایسی اسکیم کو قبول نہیں کرے گی جو صوبے کے پانی کے حقوق کو متاثر کرے ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام فیصلے آئینی دائرے میں رہ کر، بین الصوبائی مشاورت اور مساوی پانی کی تقسیم کے اصولوں کے تحت کیے جائیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری ازالہ کیا جائے ۔