محراب پور:سگ گزیدگی واقعات میں بچوں سمیت 6 زخمی

محراب پور، حیدر آباد (نمائندگان دنیا) محکمہ بلدیہ محراب پور نے شہریوں کو بے یارو مدد گار چھوڑ دیا، آوارہ کتوں کے کاٹے سے بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ۔۔
جبکہ اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین نایاب ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق محراب پور شہر میں ضلع انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے سگ گزیدگی واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ بدھ کو آوارہ کتوں نے حذیفہ ،مسکان ،شاہد ،محمد عمر ،مہوش ،جمیل سمیت کئی افراد کو کاٹ کرزخمی کر دیا،جنہیں محراب پور اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہاں اینٹی ریبیز ویکسین موجود نہیں تھی، جس پر غریب شہریوں کو نجی میڈیکل اسٹورز سے انجکشن خرید کر زخمیوں کو لگوانا پڑے ۔ زخمی بچوں کی عمریں 5 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد ٹاؤن اور نیرون کوٹ ٹاؤن کی مختلف یوسیز بالخصوص یوسی 7اور یوسی 38میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے شہری خوفزدہ ہیں، جبکہ بلدیاتی نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہری جب مساجد کا رخ کرتے ہیں تو انہیں آوارہ کتوں کے حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، خواتین، بچے اور بزرگ کتوں کے حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، مگر افسوس میئرحیدرآباد ، علاقہ چیئرمین و دیگر ذمہ داران عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ چند دنوں میں درجنوں شہری آوارہ کتوں کے حملوں کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین نایاب ہو گئی ہے، جس سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں۔