پوری قوم سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے ،میئرمرتضیٰ وہاب

کراچی(این این آئی)بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کا ہنگامی اجلاس جمعرات کے روز سٹی کونسل ہال میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں منعقد ہوا۔۔۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر افضل زیدی بھی اجلاس میں موجود تھے ۔اجلاس سے قائد حزب اختلاف سید سیف الدین ودیگرنے بھی خطاب کیا۔ میئر نے کہا کہ حق اور سچ کی بات کرنی چاہیے ، دنیا میں جہاں بھی ظلم و بربریت ہے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے ذوالفقا ر علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے کردار کو نہیں بھولنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے ، دہشت گردی کے واقعات کا ہماری حکومت اور بہادر فوج نے جس طرح دفاع کیا اور کامیابی کے ساتھ دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا اس پر منتخب ممبران اور پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ جو لوگ حق و سچ پر ہوں تو انہیں ختم نہیں کیا جاسکتا، ہم پوری صلاحیت کے ساتھ اپنے ملک کی سا لمیت اور دفاع کے لئے موجود ہیں۔اس موقع پرسید سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان ہمارا مستقبل ہے ، کراچی میں باشعور اکثریت رہتی ہے ، کونسل میں انہی کے نمائندے موجود ہیں، ملک میں نا انصافیاں اور زیادتیاں نہیں ہونی چاہئیں، کسی صوبے کے ساتھ اگر زیادتی ہوگی تو وہاں منفی سوچ پیدا ہوتی ہے اور دہشت گردی جنم لیتی ہے ہم فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔