حادثے میں نوجوان جاں بحق،کنکریٹ مکسرنذرآتش

کراچی (اسٹا ف رپورٹر )بے قابو ٹریفک نے چند گھنٹوں میں 3موٹرسائیکل سواروں کی جان لے لی۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے کنکریٹ مکسر کو نذر آتش کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر بلاک 19 خالد بیکرز کے قریب کنکریٹ مکسر نے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو ٹکر مار دی۔کنکریٹ مکسر کی ٹکر سے ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دوسرے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے مضروب کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 25سالہ عبدالصبور کے نام سے ہوئی ہے ، متوفی رابعہ سٹی کا رہائشی تھا۔لیاقت آباد 10 نمبر سندھ گورنمنٹ ہسپتال کے قریب 22 وہیلر ٹرالر کی ٹکر سے ایک بائیک سوار جاں بحق ہو گیا، جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حیدر علی قریشی ولد نعیم اللہ قریشی کے نام سے ہوئی ہے ۔پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے 22 وہیلر ٹریلر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ جبکہ جیکسن کے علاقے کیماڑی 1 نمبر میں پیش آیا جہاں ڈبلیو 11 بس اسٹاپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا۔جاں بحق نوجوان کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔