کے ڈی اے کیخلاف شادی ہال انتظامیہ کی درخواست مسترد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے گلستان جوہر میں شادی ہال انتظامیہ کی کے ڈی اے کارروائی کے خلاف درخواست مسترد کردی ہے ۔
سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ کے ڈی اے کی جانب سے کمرشل سرگرمیوں کے خلاف نوٹس موصول ہوا ہے ، کے ڈی اے نے رہائشی پلاٹ کے نام پر کمرشل سرگرمیوں پر اعتراض کیا ہے ، درخواست گزار نے 2018 میں ایس بی سی اے کو مذکورہ پلاٹ کو ریگولرائز کرنے کی درخواست دی ہوئی ہے ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے 2017 میں غیر قانونی شادی ہال کو ریگولیرائز کرنے کی پالیسی جاری کی تھی، ایس بی سی اے نے فیس کے عوض زمین کی حیثیت کی تبدیلی کی پالیسی جاری کی تھی، درخواست گزار نے ایس بی سی اے کو فیس بھی ادا کی ہوئی ہے ۔ کے ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ کے ڈی اے نے سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں نوٹس جاری کیے ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے احکامات تاحال نافذالعمل ہیں، تمام سرکاری ادارے سپریم کورٹ کے احکامات عمل درآمد کے پابند ہیں، کے ڈی اے کے اقدامات قانونی ذمہ داری کے مطابق ہیں، اس معاملے میں عدالتی مداخلت کی کوئی وجہ موجود نہیں۔ عدالت نے وکیل درخواست کو ہدایت کی کہ اگر درخواست گزار چاہے تو ایس بی سی اے کو ریگولرائزیشن کی مد میں ادا کی گئی فیس کی واپسی کے لئے قانونی کارروائی کرسکتا ہے ۔