پرانا راشن کارڈ سسٹم دوبارہ متعارف کرایا جائے ،پاسبان

کراچی(این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکو نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پرمہنگائی کے جن کوقابو کرے ،حکومت کی عدم توجہی کے باعث غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
حال ہی میں اراکین پارلیمنٹ نے اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کیا ہے جبکہ حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے لیے بجٹ نہیں ہے ۔ پرانا راشن کارڈ سسٹم دوبارہ متعارف کرایا جائے اور غریب اور کم آمدنی والے لوگوں کو راشن کارڈ پر تمام بنیادی اشیائے خورونوش سستے داموں فراہم کی جائیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کے بجائے مزید فعال بنایا جائے تاکہ غریب عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔ حکومت فلاحی طرز عمل اپنائے ، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی مافیاز بشمول طاقتور شوگر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔الطاف شکور کا کہنا تھا کہ چینی سمیت تمام روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں لیکن حکومت اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔ حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے پر تلی ہوئی ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتی کہ غریب عوام کو سبسڈی پراشیائے خوردونوش ملیں جبکہ نجی کمپنیوں کو بجلی، یوریا اور دیگر مصنوعات بنانے کے لیے بھاری سبسڈیز دی جا رہی ہیں۔