حقیقی جمہوری فلاحی ریاست ہمارا وژن،ناصرشاہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر توانائی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو مضبوط اور یکجا رکھنے کے لیے آئین ، ایٹمی پروگرام اور صوبوں کو خودمختاری دی، ہمارا وژن پاکستان کو ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے ، برصغیر کے مسلمانوں نے غلامی اور جبر کے طوق سے آزاد ہونے کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ 23 مارچ کا دن ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کی ترغیب دیتا ہے ۔ وزیر توانائی سید ناصر شاہ نے کہاکہ یوم پاکستان کے دن تجدید عہد کرتی ہے کہ پاکستان کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لئے قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئیے آج ہم پاکستان کو ایک ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔