مہنگائی و بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہا،منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے حکمرانوں نے امریکہ کی غلامی قبول کی ہوئی ہے ،حکمرانوں کی ہاتھوں میں عصائے موسی ہونے کے باجود ان کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔57 اسلامی ممالک لاکھوں کی افواج کے باوجود فلسطینی بچوں، ماؤں، بہنوں کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔
گزشتہ پانچ دنوں سے صیہونیوں نے دہشت گردی کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔مسلمان کبھی بھی عددی قوت سے نہیں ڈرتے بلکہ ہمیشہ ایمان کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں،عوام اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں،گلی گلی مہم چلائیں اور معاشی طور پر اسرائیل کو نقصان پہنچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ جمشید کے تحت فاطمہ جناح کالونی (باب القریش)نیو ایم اے جناح روڈ نزد فاروقی مسجد میں دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ منعم ظفر نے کہا کہ مہنگائی و بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم نہیں ہورہی۔ حکمرانوں نے اپنی تنخواہوں میں 188 فیصد اضافہ کیاہے ۔ جماعت اسلامی کراچی کی ساڑھے 3 کروڑ عوام کے ساتھ ہے ۔ جماعت اسلامی عید کے فوری بعد 27 اپریل کو حقوق کراچی مہم کو از سر نو شروع کرے گی۔ منعم ظفر نے مزید کہا کہ ایک جانب اسرائیل فلسطین پر ظلم کررہا ہے اور دوسری جانب اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے ،اطلاعات کے مطابق پاکستانی صحافیوں کا 10 رکنی وفد کو اسرائیل بھیجا گیا ہے ،اس طرح کے کسی بھی اقدام پر حکومت پاکستان کو اپنا مؤقف پیش کرنا ہوگا۔