این ای ڈی کو جب ضرورت ہو، میں موجود ہوں، ڈاکٹر سروش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ این ای ڈی کے تحت شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی بحیثیت وائس چانسلر ریٹائرمنٹ پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
اس موقع پر شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی مادرِ علمی کو زندگی کے 37 برس دیے اور آج بھی اس کا مقروض ہوں۔ این ای ڈی میرا فخر اور میری پہچان ہے ، میں نے ہر کام جامعہ کی بہتری کیلئے کیا، آئندہ بھی اپنی جامعہ کیلئے ہر خدمت انجام دینے کیلئے حاضر ہوں جہاں میری ضرورت ہو، میں موجود ہوں ۔ اس موقع پر انہوں نے آبدیدہ ہوتے ہوئے جامعہ کی ٹیم، ساتھی اساتذہ اور اپنے گھرانے کا شکریہ ادا کیا۔ جامعہ کی ترجمان فروا حسن کے مطابق ڈاکٹر سروش لودھی نے این ای ڈی سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی جب کہ 37 برس این ای ڈی کے مختلف شعبہ جات سے وابستہ رہے ۔ سول انجینئرنگ سے متعلق ڈاکٹر سروش لودھی کی متعدد پبلی کیشنز ہیں اور وہ کتاب ’’زلزلہ‘‘کے مصنف بھی ہیں۔ ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں تمغہ حُسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ الوداعی تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ و اسٹاف نے شرکت کی اور پھول نچھاور کرکے اپنے ہر دل عزیر وائس چانسلر کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے چارج قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد کے سپرد کیا۔