یوم پاکستان تجدید عہد وفا کا درس دیتا ہے ،شاداب رضا
کراچی(آئی این پی )سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ اتحاد ویکجہتی کی طاقت سے پاکستان بنایا اور انشاء اللہ اسی طاقت سے ملک دشمنوں کو نکیل ڈالیں گے ،یوم پاکستان ہمیں تجدید عہد وفا اور ملک کی سلامتی ،ترقی وخوشحالی کیلئے یکجا ہونے کا درس دیتا ہے ۔
ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے دو قومی نظریہ کے مخالفین پاکستان کی نظریاتی سرحد پر حملہ کررہے ہیں جنہیں تعلیم وشعور اور تاریخ کے حقائق سے ختم کرنا ہوگا ۔پاکستان ہمارے لئے ایک عظیم نعمت ہے اور بحیثیت قو م ہمیں ہر قربانی کیلئے تیار رہنا چاہیے ، ملک دشمن دہشتگردی اور انتہاپسندی کو فروغ اور معیشت کو کمزور کرکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں ،ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ ایک قوم بن کرہی کیا جاسکتا ہے ،تفرقے اور نفرتوں کو جنم دیکر مسلمان کو مسلمان سے قتل کرایا جارہا ہے ،مستحکم پاکستان دنیا کیلئے امن کی ضمانت ہے ،آئین کی بالادستی کو یقینی بنائے بغیر ترقی کی جانب گامزن نہیں ہوسکتے ،اسلام وملک دشمن قوتیں بار بار ملک کے آئین پر حملہ آور ہونے کی سازش کرتی ہیں جسے سمجھنا ہوگا ،قومی ترقی وخوشحالی کا راز آئین وقانون کی بالادستی میں پوشیدہ ہوتا ہے ،یوم پاکستان کے عظیم دن کے موقع پر ہم شہدائے پاکستان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،اکابرین پاکستان کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ ہم آزاد خود مختا ر پاکستان میں سانس لے رہے ہیں۔