اولڈسٹی ایر یا مسائل کاگڑھ انتظامیہ حل میں ناکام

اولڈسٹی ایر یا مسائل کاگڑھ انتظامیہ حل میں ناکام

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)انتظامیہ اور حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود اولڈ سٹی ایریا مسائل کا گڑھ بن گیا،انتظامیہ مسائل کے سیوریج سمیت دیگر مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی،ضلع جنوبی کے بیشتر علاقے ، سڑکیں اور گلیاں گٹر کے پانی سے بھری ہوئی ہیں ،لاکھوں مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

مکین کہتے ہیں کہ ارکان اسمبلی اور بلدیاتی قیادت بھی سیوریج کے مسائل کو حل کروانے کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ،عالمی بینک سے بڑے پیمانے پر سودی قرضے حاصل کرنے والی کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہر قائد کے سیوریج نظام میں تاحال کوئی بہتری نہ لاسکی، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کراچی کا ضلع جنوبی سیوریج کے مسائل کا گڑھ بن گیا ہے ،رنچھوڑ لائن ، رامسوامی ، اردو بازار اور نشتر روڈ میں ہر طرف گٹر کا پانی جمع ہے ،گلیوں ، سڑکوں اور محلوں میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگنے کے سبب لاکھوں مکینوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، تمام علاقوں میں مچھروں کی یلغار ہے ،گھروں سے باہر نکالنا محال ہوگیا۔مکین کہتے ہیں کہ بلدیاتی سیٹ اپ اور ارکان اسمبلی نے سیوریج کے مسائل پر مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جبکہ واٹر کارپوریشن نے اولڈ سٹی ایریا کو لاوارث چھوڑ رکھا ہے ،سیوریج نظام کی بہتری کے نام پر عالمی بینک سے اربوں روپے وصول کرنے والی واٹر کارپوریشن بتائے کس جگہ سیوریج نظام میں بہتری لائی گئی ہے ؟۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے گٹر کا پانی سیوریج کارپوریشن کی نااہلی و خراب کارکردگی کا پول کھول رہا ہے ،المیہ یہ ہے کہ میئر کراچی و چیئرمین واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن مرتضیٰ وہاب صدیقی ، چیف ایگزیگٹو آفیسر سید صلاح الدین احمد اور سیوریج سیکشن کے اہم افسران رنچھوڑ لائن اور اردو بازار کی صورتحال پر توجہ دینے کو تیار نہیں ہیں۔ سیوریج کے مسائل سے پریشان مکینوں نے سوال اٹھایا کہ وہ انسان نہیں ہیں ؟ کیا وہ حکومت کو ٹیکس نہیں دیتے ؟ تو پھر ان علاقوں اور یہاں کے لاکھوں مکینوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیا جارہا ہے ؟ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے نام پر بھاری بھرکم بل بنائے جاتے ہیں سارا پیسا کرپشن کی نذر ہورہا ہے ، اس کے بدلے کراچی اولڈ سٹی ایریا کے رہائشی گٹر کے پانی کے درمیان گندگی اور غلاظت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج مسائل کا نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر سیوریج نظام کی درستگی کیلئے اقدامات کریں ۔دوسری طرف واٹر سیوریج کارپوریشن حکام کا دعوی ٰہے کہ اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج مسائل کو جلد حل کرلیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں