نہری منصوبہ سندھ کو بغاوت پر مجبور کر رہا ،جماعت اسلامی
لاڑکانہ (بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت صادق و امین نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کے حوالے سے سندھ کے عوام سے جھوٹ بولا، تاہم صدر زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاق سے کینال منصوبہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
جس سے پیپلز پارٹی کی جھوٹ کا پردہ فاش ہو گیا۔کاشف سعید شیخ کا کہنا تھا کہ احتجاج تو بے اختیار اپوزیشن کرتی ہے ، جبکہ پیپلز پارٹی کا کینال مخالف بیانات اور احتجاج صرف فیس سیونگ اور مگرمچھ کے آنسو ہیں۔ اگر پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے ساتھ مخلص ہے تو انہیں وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرنی چاہیے اور صدارت، سینٹ، وزرائے اعلیٰ اور گورنرشپ سے مستعفی ہو جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں احتجاج نہیں بلکہ عملی اقدامات کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کے پی اور بلوچستان میں پہلے ہی حالات تشویشناک ہیں اور کینال منصوبہ سندھ کو بھی بغاوت پر مجبور کر رہا ہے ۔ کاشف سعید شیخ نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں عید کے بعد عوامی تحریک شروع کرے گی، جس میں لانگ مارچ اور گورنر، وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنے شامل ہوں گے ۔اس موقع پر صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، ضلعی امیر ایڈووکیٹ نادر علی کھوسہ، مقامی امیر رمیز راجہ شیخ، پریس ترجمان ریاض مشوری اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔