صدر میں ٹریفک نظام کو فوری بہتر کرنے کا فیصلہ
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صدر میں ٹریفک کے نظام کو فوری بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، عید کے بعد پانچ سو گاڑیوں کی بیک وقت پارکنگ فعال کردی جائے گی۔
تاریخی ایمپریس مارکیٹ کی اندرونی حصوں کی بحالی کا کام جاری ہے اور مارکیٹ سے تجاوزات بھی ختم کی جارہی ہیں، ان خیالا ت کا اظہار میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایمپریس مارکیٹ کے تفصیلی دورے کے موقع پر کیا۔میئر کراچی نے کہا کہ بولٹن مارکیٹ کے قریب بھی ایک پارکنگ ایریا بنایا جا رہا ہے ، اسی طرح پولو گراؤنڈ بارہ دری سے متصل انڈرگراؤنڈ پارکنگ،پی آئی ڈی سی اور آئی آ ئی چندریگرروڈ آنے والوں کے لئے کھول دی گئی ہے ، گورنر سندھ سے بھی ریلوے کی زمین کے ایم سی کو دینے کی درخواست کی ہے اگر یہ زمین مل گئی تو آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کے پارکنگ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے مزید پارکنگ ایریاز بھی بنا ئے جائیں گے ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، بولٹن مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں میں پارکنگ کے مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور کراچی میں سڑک کے کنارے پارکنگ کے مسائل حل کئے جا رہے ہیں۔میئر کراچی نے ایمپریس مارکیٹ کے اندرونی حصوں کا بھی دورہ کیا اور ہدایت کی کہ ایمپریس مارکیٹ کو اصل حالت میں بحال کرنے کے ساتھ ساتھ مارکیٹ کے اندرونی اور بیرونی حصوں سے تجاوزات کا ہر صورت میں خاتمہ کیا جائے ۔