کشمور پولیس کا سرچ آپریشن،مورچوں کو آگ لگا دی

لاڑکانہ ،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا)سندھ بھر میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ڈکیتی، اغوا، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرمنلز میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔
لاڑکانہ میں کشمور پولیس نے تھانہ بخشاپور کی حدود میں انڈس ہائی وے پر ڈکیتی اور اغوا کی وارداتوں میں ملوث بنگوار گینگ کے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے سرچ اینڈ ریڈ آپریشن کیا، آپریشن میں تمام ایس ایچ اوز، سی آئی اے ، مددگار فائیٹرز اور ریپڈ رسپانس ٹیموں نے حصہ لیا۔ دوران آپریشن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس نے تین ڈاکوؤں کے ٹھکانوں اور مورچوں کو آگ لگا کر مسمار کر دیا، جبکہ 6 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے گھروں اور ٹھکانوں کی تلاشی بھی لی گئی۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ میں قمر شہدادکوٹ پولیس نے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ نے بتایا کہ سجاول جونیجو پولیس نے محمود آباد روڈ پر جرائم پیشہ افراد کے ساتھ مقابلہ کیا، جس میں پولیس نے گندا واہ بلوچستان کے رہائشی ڈاکو امیر جان لاشاری کو زخمی حالت میں اور فاضل لاشاری کو چُھرے سمیت گرفتار کر لیا۔ ان کے قبضے سے موٹرسائیکل، موبائل فون، پسٹل اور چُھرا برآمد کیا گیا۔ پنگریو میں نندو کے قریب زمین کے تنازعے پر لوند برادری پر حملے کے کیس میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے دوران نندو پولیس پر حملہ کرنے والے 4 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو سنگل بیرل شاٹ گن، ایک پسٹل 30 بور، ایمونیشن اور دو کلہاڑیاں برآمد کیں۔ پڈعیدن کے نواحی علاقوں میں پولیس نے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ حیدرآباد میں پولیس نے منشیات فروش ماجد کو گرفتار کر کے 1560 گرام چرس برآمد کرلی۔